اتوار, فروری 16, 2025
اشتہار

اسکاٹ لینڈ کی مسجد کو 40 سال بعد بڑا درجہ مل گیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسکاٹ لینڈ میں قائم 40 سال سے قائم گلاسگو سینٹرل مسجد کو کیٹیگری اے لسٹڈ بلڈنگ کا درجہ دے دیا گیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ایچ ای ایس اسکاٹ لینڈ کے اس تاریخی فیصلے کے بعد یہ اسکاٹ لینڈ کی پہلی مسجد بن گئی ہے جسے یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔

مذکورہ مسجد 1984 میں تعمیر کی گئی تھی اور اسے اب اسکاٹ لینڈ کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کی حامل عمارتوں میں شامل کر لیا گیا ہے۔

Glasgow

اس اقدام کا مطلب ہے کہ اب اس عمارت کو خصوصی تحفظ حاصل ہوگا اور اس میں کسی قسم کی تبدیلیاں کرنے کے لیے سخت قواعد و ضوابط پر عمل کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ گلاسگو سینٹرل مسجد شہر کے درمیان میں واقع ہے اور یہ نہ صرف مذہبی سرگرمیوں کا مرکز ہے بلکہ ثقافتی ہم آہنگی اور بین المذاہب مکالمے کا بھی ایک اہم مقام ہے۔

رپورٹ کے مطابق چار ایکڑ (1.62 ہیکٹر) پر محیط جگہ 1984 میں عوام کے لیے کھولی گئی، جس پر 3 ملین یورو کی لاگت آئی تھی، یہ گلاسگو میں بنائی جانے والی پہلی خاص طور پر تعمیر شدہ مسجد تھی۔

اس کا فن تعمیر اسلامی اور جدید طرز کا حسین امتزاج پیش کرتا ہے، جس کی وجہ سے یہ شہر کی پہچان بن چکی ہے۔

Glasgow Central Mosque

گلاسگو مسجد کے حالیہ فیصلے پر مسلمان برادری اور مقامی باشندوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ قدم نہ صرف مسجد کی تاریخی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے بلکہ اسکاٹ لینڈ میں مسلمانوں کے مثبت کردار کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ گلاسگو سینٹرل مسجد کو کیٹیگری اے لسٹڈ بلڈنگ کا درجہ ملنا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ یہ عمارت نہ صرف مذہبی بلکہ ثقافتی اور تاریخی اعتبار سے بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں