بھارتی فلم انڈسٹری کے مشہور و معروف کامیڈین راج پال یادو بھی پاکستانی لیجنڈری کامیڈین معین اختر اور عمر شریف کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔
پاکستان کے مشہور یوٹیوبر نادرعلی کے پوڈ کاسٹ میں راج پال یادو نے شرکت کی، جس میں انہوں نے بھارت اور پاکستان کے تعلقات کے بارے میں بات کی اور دونوں ملکوں کے اداکاروں سے متعلق بھی احوال بیان کیا۔
راج پال نے کہا کہ کسی بھی اداکار کے لیے یہ کہنا بہت مشکل ہے کہ وہ کس کردار کو پسند کرتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ فلم ’چھپ چھپ کے‘ میں ان کے کردار کو بہت سراہا گیا اور آج تک ان کے کردار پر بہت زیادہ میمز بنائی جاتی ہیں، ان کو سب سے زیادہ معاوضہ بھی اس فلم کا ہی ملا تھا۔
راج پال نے بتایا کہ وہ جب سے فلموں میں آئے ہیں، یہ فیصلہ کیا ہے کسی ایسی فلم میں کام نہیں کریں گے جس میں کسی دوسرے ملک کو بُرا دکھایا جائے، ہم صرف سینما کی بات کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے تعلقات اچھے ہوں۔
اپنے پسندیدہ پاکستانی کامیڈینز کے بارے میں بات کرتے ہوئے بھارتی کامیڈین نے معین اختر اور عمر شریف کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ ان کے مطابق عمر شریف اور معین اختر اپنے فن کے بادشاہ تھے اور وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے اسکرین پر دلکش اور یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے تھے۔
راجپال کا مزید کہنا تھا کہ عمر شریف اور معین اختر کی صلاحیتوں کی بدولت آپ انہیں دیکھتے ہوئے ایک لمحے کے لیے بھی اسکرین نہیں چھوڑ سکتے تھے، خاص طور پر لوز ٹاک جیسے پروگراموں میں جہاں ہر مکالمہ برجستہ بے مثال ہوتا تھا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ہم عمر شریف کی آڈیو کیسٹ سنتے تھے کیونکہ وہ قدرتی طور پر تخلیقی صلاحیتوں سے مالا مال تھے اور واقعی میں ایک بڑے اسٹارتھے۔
راجپال یادیو نے بھول بھولیا 3 میں اپنے کردار سے متعلق کیا کہا؟
پاکستان کے پسندیدہ شہر سے متعلق جب ان سے سوال کیا گیا تو انہوں نے لاہور کا نام دیا، اس کے علاوہ انہو ں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پشاور شہر بھی دیکھیں۔