نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دہشت گردی پوری دنیا کےلئے بڑا چیلنج ہے، پُرامن اور مستحکم افغانستان خطے کے مفاد میں ہے۔
سلامتی کونسل میں کثیرالجہتی پرعمل اور گلوبل گورننس کی بہتری کےعنوان پر اجلاس ہوا، جس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سرحد پار سے دہشت گردی کا سامنا ہے، عالمی امن اور سلامتی کیلئے اجتماعی اقدامات کی ضرورت ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان چین کو اجلاس کی صدارت کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہے، اجلاس ایسے وقت میں ہورہا ہے جب عالمی سطح پر شدید بحران برپا ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کالعدم ٹی ٹی پی اور افغان سرزمین سے دہشت گردی کا سامنا ہے، پاکستان دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کیلئے ہر ضروری اقدام کررہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ غزہ میں 15 ماہ بعد جنگ بندی معاہدے کا اعلان اُمید کی کرن ہے، غزہ کے عوام کی فوری امداد کا مطالبہ کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فوری حل کیا جائے۔