بھارتی کرکٹر محمد سراج نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز کرکٹرمحمد سراج شہرحیدرآباد کے شمس آباد ایئرپورٹ سے سعودی عرب روانہ ہوئے تھے، تاہم آج ان کی عمرہ ادائیگی کے دوران لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
واضح رہے کہ سراج پاکستان اوردبئی میں ہونے والی چیمپئینز ٹرافی میں جگہ نہیں بنا پائے ہیں، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کرکٹر اپنے رشتہ داروں سے روانگی کے موقع پر ملاقات کررہے ہیں، ان کے ساتھ سفری دستاویزات بھی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سال 2019 میں بھی سراج نے اپنے والدین کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کی تھی، آئی پی ایل سیزن 2025 اور ماہ مقدس رمضان المبارک سے پہلے سراج نے عمرہ کی ادائیگی کو ترجیح دی۔
اس سے قبل بھارت کی سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور سابق بھارتی اداکارہ ثناء خان نے بھی عمرے کی سعادت حاصل کی تھی۔
فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اسٹوری پر سابق بھارتی اداکارہ ثناء خان نے مکہ مکرمہ کی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں ان کے ہمراہ ثانیہ مرزا اور ان کی بہن بھی موجود ہیں۔
سوشل میڈیا پر ثناء خان نے ثانیہ مرزا کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا الحمدلِلّٰہ عمرہ ادا کرلیا ہے، اب حج ارکان شروع ہونے کا انتظار ہے۔