کراچی میں تیز رفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، ٹریلر کی ٹکر کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر مرغی خانہ کے قریب ٹریلر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی ، ٹریلر کی ٹکر کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو حکام نے جائے حادثہ پر پہنچ کر لاش اور زخمی کو اسپتال منتقل کیا، جہاں زخمی شخص کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایا کہ ٹریلر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عامر اور زخمی کی شناخت واجد کے نام سے کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ پولیس نے ٹریلر کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا ہے۔
علاوہ ازیں کراچی کے علاقے شارع فیصل نرسری اسٹاپ کے قریب ڈبل کیبن گاڑی فٹ پاتھ پر چڑھ گئی، حادثے کی وجہ سے شارع فیصل پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
اس حوالے سے ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی کو حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، تاہم کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں : کراچی میں ٹریلر نے ماں اور بیٹے کو کچل دیا
یاد رہے کہ رواں ماہ کی یکم تاریخ کو کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں تیز رفتار ٹریلر نے ماں اور بیٹے کو کچل دیا تھا، حادثے میں بچہ جاں بحق جبکہ ماں شدید زخمی ہوگئی تھی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق بچے کی شناخت 6 سال کے سبحان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ حادثے کے بعد ٹریلر ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں تیز رفتار ٹریلر نے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی کو کچل دیا تھا۔
غنی چورنگی کے قریب ہونے والے حادثے میں بیوی نے موقع پر ہی جان دے دی جبکہ شوہر شدید زخمی ہوگیا جبکہ ٹریلر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تھا۔