منگل, جون 17, 2025
اشتہار

پاکستان پہلے ہے یا بابر اعظم؟ سابق کرکٹر برس پڑے

اشتہار

حیرت انگیز

چیمپئنز ٹرافی کا پہلا میچ ہارنے پر شائقین پاکستانی ٹیم پر برہم ہیں سابق کرکٹر نے سلو بیٹنگ پر بابر اعظم کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف بڑے مارجن سے شکست کے بعد اے آر وائی نیوز کے اسپورٹس پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں سابق کرکٹر ٹیم بالخصوص بابر اعظم کی سلو بیٹنگ پر برس پڑے۔

باسط علی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج بابر اعظم نے پاکستان کے لیے نہیں صرف اپنے لیے کھیلا۔ انہوں نے 81 گیندوں پر 50 رنز کیے اور صرف پانچ چوکے مارے۔ کوئی ان سے اس بارے میں سوال بھی کرے گا یا نہیں۔

سابق اسٹائلش بلے باز کا کہنا تھا کہ بابر اعظم سے اچھے تو سلمان آغا رہے، جنہوں نے بابر اعظم سے کم گیندیں کھیل کر اچھا اسکور کیا اور چھے چوکے اور ایک چھکا مارا۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں سلو اسٹارٹ کو مورد الزام ٹھہرایا تو سیدھا بابر کا نام کیوں نہیں لیا۔

باسط علی کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کا نام کیوں نہیں لیا جا رہا ہے۔ ہم کچھ بولتے ہیں تو سوشل میڈیا پر غدار کہا جاتا ہے، لیکن اگر اس کو کچھ سمجھائیں تو وہ سمجھتا بھی کہاں ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے کرکٹرز نے بتا دیا کہ کرکٹ کیسے کھیلتے ہیں۔ ہماری ٹیم ان سے ہی سیکھ لے۔

واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 60 رنز کے بھاری مارجن سے ہرا کر اعزاز کے دفاع کی مہم میں بڑا دھچکا پہنچایا ہے۔

پاکستان نے اس میچ میں ابتدائی دس اوورز کے پاور پلے میں سب سے کم 22 رنز بنانے کا منفی ریکارڈ بھی بنایا۔ بابر اعظم نے انتہائی سست بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 64 رنز بنانے کے لیے 90 گیندیں کھیلیں اس میں 52 بالز پر کوئی رنز نہیں بنایا۔

اسی پروگرام میں باسط علی نے سلیکشن کمیٹی کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جو سلیکشن کمیٹی ٹیم کے لیے تین لڑکے نہیں چن سکتی وہ 24 کروڑ عوام کی ٹیم منتخب کر رہی ہے۔

دوسری جانب پاکستان کی شکست اور بابر اعظم کی سست بیٹنگ پر سوشل میڈیا صارفین بھی برس پڑے اور بابر اعظم پر الزام عائد کیا کہ وہ ملک کیلیے نہیں بلکہ اپنی رینکنگ کیلیے کھیلتے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں