پشاور : افغان شہریوں کو جعلی پاکستانی پاسپورٹ پراٹلی بھجوانے میں ملوث 2 ایجنٹس کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان سے 15 پاکستانی پاسپورٹ اور موبائل فونز برآمد ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے لنک آفس اٹلی کی نشاندہی پر انسانی اسمگلرز کیخلاف کریک ڈاؤن کیا گیا، کریک ڈاؤن میں افغان شہریوں کو جعلی پاکستانی پاسپورٹ پر اٹلی بھجوانے میں ملوث دو ایجنٹوں کو پشاور سے گرفتار کرلیا گیا۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ گرفتار ایجنٹ شفیع اللہ اور خورشید کو صدرپشاور میں خفیہ دفتر سے گرفتار کیا اور ملزمان سے 15 پاکستانی پاسپورٹ اور موبائل فونز برآمد کرلیے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان کے موبائل سے پاکستانی ،افغان پاسپورٹس کی معلومات و دیگرشواہد برآمد ہوئے، ملزمان متعدد شہریوں سے ویزا فراڈ کر کے بھاری رقوم بٹور چکے تھے۔
یاد رہے گذشتہ ہفتے ایف آئی اے فیصل آباد زون نے انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی میں بین لاقوامی گینگ کی خاتون ایجنٹ حمیرا کنول کو گرفتار کیا تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمہ حمیرا کنول کو فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا، بین الاقوامی گینگ کے دیگر ارکان آذربائیجان سے گینگ چلا رہے تھے۔