پاکستان کے سابق کپتان سلمان بٹ نے نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد سابق بھارتی کرکٹر سنجے منجریکر کی ٹویٹ پر انہیں کھری کھری سنا دیں۔
چیمپئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ سے شکست پر پاکستان ٹیم پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔ سابق بھارتی کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر سنجے منجریکر نے اس حوالے سے ایک ٹویٹ کی اور اس کو سلمان بٹ کو ٹیگ گیا۔
سنجے منجریکر نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف مکمل صلاحیت کے ساتھ نہیں کھیلی یا پھر ٹیم کی قابلیت ہی اتنی ہے۔
مقامی نجی ٹی وی کے اسپورٹس پروگرام میں سلمان بٹ نے سنجے منجریکر کی اس ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے طنزیہ کہا کہ ’’شکریہ سنجے بھائی نہ بتاتے تو پتہ ہی نہ لگتا کہ یہ بتا دیا کہ پاکستانی ٹیم نے اپنی پوری صلاحیتوں کا استعمال نہیں کیا، ورنہ ہمیں پتہ نہ چلتا۔‘‘
سلمان بٹ نے کہا اس ٹویٹ میں کوئی سیکریٹ نہیں ہے۔ یہ تو سب کو پتہ ہے اور میچ کے بعد سب یہی کہہ رہے ہیں کہ پاکستان ٹیم اپنی پوری صلاحیتوں کے ساتھ نہیں کھیلی۔ ان میں جیت کے لیے کھیلنے کا جذبہ دکھائی نہیں دیا۔ شروع کے ایک گھنٹے میں بیٹنگ کے دوران قدموں کا استعمال نہیں کیا۔ گیپس تلاش نہیں کیے، کوئی رسک نہیں لیا۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ بھارتیوں کا تو وطیرہ ہے کہ وہ پاکستان سے متعلق بات کرتے ہوئے ایسا انداز اختیار کرتے ہیں تاکہ ہمیں دباؤ میں لا سکیں۔
سلمان بٹ نے سنجے منجریکر کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ یہی پاکستانی ٹیم ہے، جس نے بھارت کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں 10 وکٹوں سے ہرایا۔ اسی گرین شرٹس سے بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کا فائنل ہاری۔ بیرون ملک کئی ٹیموں کو حال ہی میں ہرایا ہے۔
اس سے ہماری ٹیم کی صلاحتیوں کا اظہار نہیں ہوتا ۔ ان کے بیانات دیکھیں تو ڈیڑھ ماہ اسٹیڈیم تیار نہیں ہونا تھا یہ تو اینٹیں گن رہے تھے، مٹی کے ڈھیر دکھا رہے تھے۔
سلمان بٹ نے کہا کہ یہ (بھارتی) جو کہہ رہے ہیں انہیں کہنے دیں۔ ہماری ٹیم باصلاحیت ہے وہ پہلے بھی اپنی کارکردگی سے سب کو حیران کر چکی ہے اور اپنے دن پر پھر سب کو کارکردگی دکھا کر حیران کر دے گی۔
’’23 فروری کو پاکستان جیتے گا‘‘، بھارت کے اندر سے بڑا دعویٰ سامنے آ گیا