قومی ٹیم کے اسپیڈ اسٹار حارث رؤف کا کہنا ہے کہ دبئی میں بھارت کو دو میچ ہراچکے ہیں، اتوار کو بہترین کرکٹ کھیلیں گے۔
پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ ہر میچ ڈو اور ڈائی ہے کوشش کریں گے تمام میچز جیت کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں۔
انہوں نے کہا کہ فخر زمان اور صائم ایوب کے نہ ہونے سے نقصان ہوا ہے، کوشش ہے میچز جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنائیں۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ دبئی کی کنڈیشن کو دیکھ کر میچ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
حارث رؤف نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ گزر گیا، بھارت کے خلاف میچ پر فوکس ہے، سارے پلیئرز سو فیصد پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ انجری تو کسی بھی لمحے ہو سکتی ہے، کوئی چلتے ہوئے گر کر بھی زخمی ہو سکتا ہے، کچھ چیزیں انسان کے اختیار میں نہیں ہوتیں، ان کے بارے میں سوچنا بھی نہیں چاہیے۔
حارث رؤف نے کہا کہ فخر زمان اور صائم ایوب کے ٹیم میں نہ ہونے سے ٹیم کمبینیشن خراب ہوگیا ہے البتہ کچھ اچھے پلیئرز ہیں جو بہتر پرفارم کریں گے۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں اپنے دوسرے میچ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم دبئی پہنچ چکی ہے جہاں پاک بھارت ٹاکرا اتوار کو شیڈول ہے۔