جنوبی افریقا کے جارحانہ بلے باز ہینرک کلاسن کو افغانستان کے خلاف نہ کھلانے کی وجہ سامنے آگئی۔
فارم میں موجود وکٹ کیپر بلے باز ہینرک کلاسن چیمپئنز ٹرافی میں افغانستان کے خلاف میچ کا حصہ نہیں ہیں جس سے متعلق جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے اپ ڈیٹ فراہم کی ہے۔
کرکٹ جنوبی افریقا (سی ایس اے) کے مطابق کلاسن کو بائیں کہنی میں ٹشوز کی چوٹ کی وجہ سے احتیاطی تدابیر کے طور پر آرام دیا گیا تھا۔
کلاسن کی غیر موجودگی جنوبی افریقہ کے لیے ایک بڑا دھچکا تھا تاہم ان کی غیرموجودگی میں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کے سامنے بڑا ہدف رکھا ہے۔
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنائے اور افغانستان کو جیت کے لیے 316 رنز کا ہدف دیا۔
ریان ریکلٹن نے شاندار 103 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان ٹمبا باووما 58، رسی وین ڈر ڈوسن 52 اور ایڈن مارکرم بھی 52 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
ٹونی ڈی زورزی 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ڈیوڈ ملر 14 رنز بنا کر فضل اللہ فاروقی کو وکٹ دے بیٹھے، مارکو جینسن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، ویان ملڈر 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، فضل اللہ فاروقی، عظمت اللہ عمرزئی اور نور احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔