ہفتہ, فروری 22, 2025
اشتہار

پی ٹی آئی رہنماؤں نے چیف جسٹس سے ملاقات میں کن تحفظات کا اظہار کیا؟

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سے ان کی رہائش گاہ پر اہم ملاقات کی۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں چیف جسٹس اور اپوزیشن رہنماؤں نے عدالتی اصلاحات پر مشاورت کی۔ یحییٰ آفریدی نے کہا کہ عدالتی اصلاحات پر قومی اتفاق رائے ضروری ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ چیف جسٹس نے وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی اصلاحاتی ایجنڈے پر بات کی ہے، انہوں نے عدالتی اصلاحات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

یحییٰ آفریدی نے پی ٹی آئی وفد کو بتایا کہ وکلا برادری، شہریوں اور ضلعی عدلیہ کی تجاویز موصول ہو چکی ہیں۔

وفد نے اپنے کارکنان اور قیادت کےئ خلاف کیسز پر تحفظات سے چیف جسٹس کو آگاہ کیا اور کہا کہ ہمارے کیسز جان بوجھ کر مختلف عدالتوں میں ایک ساتھ مقرر کیے جاتے ہیں، وکلا کو ہراساں کیا جا رہا ہے جبکہ جلسے جلوسوں پر قدغن لگائی جا رہی ہے۔

اپوزیشن وفد نے کہا کہ معیشت کی بہتری کیلیے قانون کی حکمرانی ضروری ہے، وکلا پر دہشتگردی کے مقدمات تشویشناک ہیں، عدالتی اصلاحات پر تجاویز دینے کیلیے مزید وقت درکار ہے۔

وزیر اعظم اور چیف جسٹس کی ملاقات کا احوال

دو روز قبل وزیر اعظم اور چیف جسٹس کی ملاقات ہوئی تھی جس میں شہباز شریف نے یحییٰ آفریدی کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی، نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کے انصاف کی بروقت فراہمی کیلیے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے اقدام کو سراہا تھا۔

ملاقات کے دوران ملکی معاشی صورتحال اور سکیورٹی چیلنجز پر بھی گفتگو ہوئی تھی جبکہ وزیر اعظم نے مختلف عدالتوں میں طویل مدت سے زیر التوا ٹیکس تنازعات سے متعلق آگاہ کیا تھا اور ان میں میرٹ پر جلد فیصلوں کی استدعا کی تھی۔

چیف جسٹس پاکستان نے وزیر اعظم کی جانب سے نظام انصاف کی بہتری کیلیے کی گئی گفتگو کا خیر مقدم کیا تھا اور نظام انصاف میں مزید بہتری لانے کیلیے تجاویز مانگی تھیں۔

شہباز شریف نے یحییٰ آفریدی کو لاپتا افراد سے متعلق مؤثر اقدامات میں تیزی لانے کی یقین دہانی کروائی تھی۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان بھی ملاقات میں موجود تھے۔

اہم ترین

راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز
راجہ محسن اعجاز اسلام آباد سے خارجہ اور سفارتی امور کی کوریج کرنے والے اے آر وائی نیوز کے خصوصی نمائندے ہیں

مزید خبریں