سابق ٹیسٹ بیٹر باسط علی نے پاک بھارت میچ کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے یہ کہنا کہ فاسٹ بالنگ طاقت ہےغلط بات ہے۔
اے آ ر وائی نیوز کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے سابق کرکٹر باسط علی نے کہا کہ پاکستان ٹیم کے تینوں کوچز فاسٹ بولر ہیں، پاکستان کو فاسٹ بولنگ میچ نہیں جتا سکتی، انگلینڈ کی سب سے اچھی فاسٹ بولنگ تھی لیکن ہدف کا دفاع نہ کرسکے۔
باسط علی نے کہا کہ کوچ دیکھتا ہے میچ کہاں پر ہے اور پچ کی کیا صورتحال ہے، ہیڈ کوچ پرانے قصے نہیں بتاتا کہ 90 کی دہائی میں کیسے میچ جیتے۔
انھوں نے کہا کہ 90 کی دہائی میں ہمارے بولر ریورس سوئنگ کرتے تھے آج ایسا نہیں ہوتا، پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہائی اسکورنگ نہیں ہوگا، پاکستان کل ٹاس جیتتا ہے تو پہلے بیٹنگ کرنی چاہیے۔
باسط علی نے کہا کہ انگلینڈ کی بیٹنگ کے دوران لگا کہ آسٹریلیا کی بولنگ ایکسپوز ہوگئی، آسٹریلیا نے ہدف کے تعاقب میں جو بیٹنگ کی یہ ان کا کمال ہے۔
کامران اکمل نے کہا کہ جدید کرکٹ یہی ہے جو آج آسٹریلیا اور انگلینڈ نے کھیلا، پاکستان ٹاس جیتتا ہے تو پہلے بیٹنگ کرنی چاہیے، پاکستان ٹیم کو آج کےمیچ سے ضرور سیکھنا چاہیے۔