کیتھلک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس کی طبعیت مزید بگڑ گئی ہے۔
روئٹرز کے مطابق ویٹیکن کی جانب سے ہفتے کے روز کہا گیا ہے کہ پوپ فرانسس کی صحت گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید خراب ہوئی ہے اور ان کی حالت نازک ہے۔
ویٹیکن کے مطابق پوپ فرانسس کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے، پلیٹلیٹس کم ہونے پر انھیں خون بھی لگایا گیا ہے، 88 سال کے پوپ فرانسس کو ڈبل نمونیا تشخیص ہوئی تھی، اور وہ 14 فروری سے اسپتال میں داخل ہیں۔
ویٹیکن نے پوپ فرانسس کی صحت پہلی بار ’’تشویش ناک‘‘ قرار دی ہے، اور کہا کہ انھیں اضافی آکسیجن اور خون کی منتقلی کی ضرورت ہے۔
ویٹیکن کے مطابق فرانسس کو صبح کے وقت دمے کی طرح سانس رکنے کا دورہ پڑا، جس کے لیے انھیں ’’ہائی فلو آکسیجن‘‘ دینی پڑی، پوپ کی حالت بدستور تشویش ناک ہے، اور وہ خطرے سے باہر نہیں ہیں، تاہم انھوں نے یہ دن بھی کرسی پر بیٹھ کر گزارا، حالاں کہ وہ کل سے زیادہ تکلیف میں ہیں۔