وزیرآباد: پنجاب کے شہر وزیر آباد کے ایک نواحی علاقے میں دعوت ولیمہ کے دوران دولہا اچانک چل بسا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق گاؤں بینکہ چیمہ کے رہائشی حافظ عمر کا گزشتہ روز ولیمہ تھا، دعوت ولیمہ میں اچانک طبیعت بگڑنے پر دولہا کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اسپتال نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔
اسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ دلہا حافظ عمر کی موت ہارٹ اٹیک کے باعث ہوئی ہے۔ حافظ عمر کی اچانک موت سے خوشیوں سے بھرا گھر ماتم کدہ بن گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں نوجوان نسل میں ہارٹ اٹیک کی بڑھتی ہوئی شرح حالیہ برسوں میں صحت کا مسئلہ بن گئی ہے، روایتی طور پر بوڑھے افراد سے وابستہ دل کے امراض اب نوجوانوں کی صحت پر اثر انداز ہو رہے ہیں، جنھیں ایسے قلبی خطرات سے نسبتاً محفوظ تصور کیا جاتا تھا۔
نئی نویلی دلہن کی بیوٹی پارلر میں ہارٹ اٹیک سے موت
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ نوجوانوں میں دل کے دورے کے واقعات میں اضافے کی کئی وجوہ ہیں، جن میں پراسیسڈ فوڈز، الم غلم غذائیں، سیچوریٹڈ فیٹس، اور چینی سے بھرپور خوراک شامل ہیں، متوازن غذا کی اہمیت اور دل کی صحت پر اس کے اثرات کے بارے میں آگاہی کا فقدان ہے، جس کی وجہ سے خوراک کی خراب عادتیں پیدا ہوتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق جدید سہولتوں کے ساتھ ساتھ ڈیسک تک محدود ملازمتیں اور کمپیوٹر یا موبائل کے زیادہ استعمال میں اضافے سے بھی نوجوان نسل میں دل کی صحت سے متعلق مختلف عوامل نے جنم لیا ہے۔ جب کہ باقاعدہ جسمانی سرگرمی کی کمی اور موٹاپا، ہائی بلڈ پریشر اور ہارٹ اٹیک جیسے امراض کا راستہ کھولتے ہیں۔