پاکپتن: پنجاب کے شہر پاکپتن میں مخالف زمیندار کے ہاں کام کرنا محنت کش کے لیے جرم بن گیا، اور اسے بد ترین تشدد اور ذلت کا سامنا کرنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق پاکپتن میں مخالف زمیندار کے ہاں کام کرنے پر بااثر ملزمان نے گھر میں گھس کر ایک محنت کش کو تشدد کے بعد گنجا کر دیا، اور اس دوران ملزمان ہوائی فائرنگ بھی کرتے رہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے متاثرہ شخص کو مخالف زمیندار کے پاس ملازمت کرنے سے روکنے اور سبق سکھانے کے لیے کارروائی کی۔
واقعے کا مقدمہ صدر پولیس تھانے میں درج کر لیا گیا ہے، تاہم ملزمان کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں آ سکی۔
نوجوان کو چھری مارنے والے چوکیدار کو مشتعل افراد نے مار ڈالا
ادھر ایبٹ آباد کے علاقے تھانہ چھانگلہ گلی کی حدود سمبر میں نجی سوسائٹی کے چوکیدار نے مقامی نوجوان کو پارکنگ کے تنازع پر چھریوں کے وار سے قتل اور اس کے بھائی کو زخمی کر دیا، تاہم نوجوان عمران عباسی کے قتل کی اطلاع ملتے ہی سیکڑوں افراد نے سوسائٹی کا گھیراؤ کر کے چوکیدار کو تشدد کر کے مار دیا۔