’آن لائن پائریسی‘ فلمی ستاروں اور پروڈیوسرز کیلیے سب سے زیادہ پریشان کن مسائل میں سے ایک ہے کیونکہ نئی فلمیں تھیٹروں میں ریلیز کے چند گھنٹوں بعد غیر قانونی سائٹس پر اسٹریمنگ اور ڈاؤن لوڈ کرنے کیلیے دستیاب کر دی جاتی ہیں جس سے فلمسازوں کو بھاری نقصان پہنچتا ہے۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بالی وڈ ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ عامر خان کی سُپر ہٹ فلم ’تھری ایڈیٹس‘ نے چین میں فلم بینوں کو متاثر کیا، یہاں تک کہ اداکار کے چینی مداحوں نے ان کی نئی فلموں کی ریلیز کا بھی مطالبہ کرنا شروع کر دیا۔
ایک تقریب میں اس بارے مین گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ ان کی فلم نے پائریسی کی وجہ سے چینی فلم بینوں کے دلوں میں خاص مقام حاصل کیا۔
یہ بھی پڑھیں: عامر خان کا فلم ’لوویاپا‘ سے متعلق چونکا دینے والا اعتراف
عامر خان نے کہا کہ آن لائن پائریسی نے مجھے چین میں اسٹار بنا دیا، ایک مختلف ثقافت کی فلم کو قبول کرنے اور اسے پیار و احترام دینے کا کریڈٹ چین کے لوگوں کو جاتا ہے۔
’تھری ایڈیٹس‘ کی زبردست کامیابی کے بعد اداکار کی فلم ’دنگل‘ چین کے سینما گھروں کی زینت بنی۔ اطلاعات کے مطابق فلم کو تقریباً 7000 اسکرینز پر ریلیز کیا گیا جو 15 دنوں تک باکس آفس پر راج کرتی رہی۔
’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ آئندہ فلم ’ستارے زمین پر‘ میں نظر آئیں گے جو دسمبر 2025 میں ریلیز ہونے والی ہے۔ یہ ان کی ہٹ فلم ’تارے زمین پر‘ کا سیکوئل ہے جس میں ان کے مقابل جینیلیا دیش مکھ بھی نظر آئیں گی۔
علاوہ ازیں، بالی وڈ اداکار سنی دیول کی فلم ’لاہور 1947‘ میں بھی جلوہ گر ہوں گے جس کی ہدایت کاری راجکمار سنتوشی کر رہے ہیں۔