اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فورسز کی تعیناتی میں توسیع کرتے ہوئے ٹینک داخل کر دیے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع نے فوج کو ہدایت دی ہے کہ وہ مغربی کنارے کے پناہ گزین کیمپوں میں اگلے سال تک رہنے کے لیے تیار رہیں۔
انہوں نے کہا کہ مغربی کنارے میں طولکرم، نور شمس، اور جنین کیمپس 40 ہزار فلسطینیوں کی نقل مکانی کے باعث خالی ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنین کے جنوب میں واقع قصبے قباطیہ میں کرفیو نافذ کر دیا ہے۔
وفا خبر رساں ایجنسی کے مطابق، جنین کے گورنر نے ایک بیان میں کہا کہ آج صبح سے 48 گھنٹے کے کرفیو کا اعلان کیا گیا ہے کیونکہ اسرائیلی فوج نے جنین میں ٹینک تعینات کیے ہیں۔
اسرائیلی فوجی صبح سے ہی بلڈوزر سے قباطیہ میں بنیادی ڈھانچے کو تباہ کر رہے ہیں فلسطینی دکانوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔
اسرائیلی فوج جنین کے آس پاس کے قصبوں پر بھی چھاپے مار رہی ہے جن میں سلات الحریثہ بھی شامل ہے۔ مقامی آن لائن فلسطینی پلیٹ فارمز نے جنین شہر کے ارد گرد اسرائیلی ٹینکوں کے مناظر نشر کیے ہیں۔
مناظر میں دکھایا گیا ہے کہ اسرائیلی قبضے نے فوجی کمک کو ال یمون اور سلوت الحارثیہ کے قصبوں کی طرف دھکیل دیا ہے۔