اسلام آباد : سینیئر صحافی افضل بٹ ایک بار پھر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر منتخب ہوگئے جبکہ ارشدانصاری سیکرٹری جنرل بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے انتخابات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔
افضل بٹ صدر، ارشد انصاری سیکرٹری جنرل اور لالہ اسد پٹھان سیکرٹری خزانہ منتخب ہوگئے
پی ایف یو جے کی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کے پچیس ممبران کا بھی انتخاب کرلیا گیا۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلٹس کے تمام عہدیداران بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں، پی ایف یو جے انتخابات میں راجہ حبیب الرحمٰن، خالد عیسیٰ کھوکھر، ناصر حسین اور محمد عیسیٰ ترین نائب صدور منتخب ہوئے جبکہ جمشید رضوانی، جاوید اصغر، شاہد چوہدری اور نور الہی بگٹی اسسٹنٹ جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نومنتخب صدر افضل بٹ کا کہنا تھا کہ چیلنجز کے سامنے یہ عہدہ کانٹوں کی سیج ہے پیکا کے خلاف عدالتوں اور سڑکوں پر لڑیں گے، عدالت سے بھی مایوسی ہوئی تو سڑکوں پر ہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ ہم نے پیکا کا شق وار جواب دے دیا ہے سیاسی جماعتوں وکلاء اور انسانی حقوق تنظیموں سے ملکر دھرنا دیں گے۔
افضل بٹ نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کی لڑائی ہماری لڑائی ، آزاد عدلیہ، آزادی صحافت اور شہری آزادیوں کی لڑائی ہماری لڑائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیک نیوز حکومت کے لئے نہیں ہمارے لئے چیلنج ہے، ڈیجیٹل میڈیا کو پی ایف یو جے کے ضابطہ کار میں لایا جائے گا اور نویں ویج بورڈ میں ٹی وی والوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری فنانس لالہ اسد پٹھان نے کہا کہ سڑکوں کی لڑائی پی ایف یو کے کے بڑوں سے سیکھی ہے جنھوں نے تمام تکالیف کے باوجود آزادی صحافت کے حق سے دستبردار نہیں ہوئے۔
انھوں نے کہا کہ پی ایف یو جے کا عہدہ لینا سیاسی عہدہ لینا نہیں یہ ایک مسلسل جدوجہد کا نام ہے پی ایف یوجے کی قیادت پر ذمہ داریاں بڑھتی جارہی ہیں ہم انشا اللہ اپنے تمام حقوق لڑکر لیں گے۔