جرمنی میں ہونے والے انتخابات میں جنگِ عظیم دوم کے بعد قدامت پسند پارٹی کی کامیابی پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جرمنی میں ہونے والے انتخابات میں جنگِ عظیم دوم کے بعد قدامت پسند پارٹی کی کامیابی پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ آج جرمنی کے لیے بہت اچھا دن ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ جرمنی کے لوگ حکومتی ایجنڈے سے تنگ آچکے تھے، جرمنی کو کافی عرصے سے توانائی اور امیگریشن مسائل کا سامنا تھا۔
دوسری جانب نیٹو سربراہ مارک روٹے نے جرمن قدامت پسند رہنما فریڈرک مرز کو انتخابات جیتنے پر مبار کباد دی ہے، نیٹو سربراہ نے کہا کہ سلامتی معاملات پر فریڈرک مرز سے مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔
واضح رہے کہ جرمنی میں قبل از وقت پارلیمانی انتخابات میں انتہائی قدامت پسند جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین(سی ڈی یو) نے برتری حاصل کرلی ہے۔
ایگزٹ پول کے مطابق فریڈرک مرز کی سی ڈی یو کو 28.5 فیصد ووٹ ملے ہیں جبکہ انتہائی دائیں بازو کی جماعت متبادل برائے جرمنی یا اے ایف ڈی کو 20.8 فیصد ووٹ ملے ہیں۔
فریڈرک مرز کا تعلق سابق جرمن چانسلر انجیلا مرکل کی جماعت سے ہے مگر انہوں نے مرکل سے مختلف پالیسیاں اپنانے کا اعلان کیا ہے۔