کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی کے موسم کے حوالے سے بڑی پیش گوئی کردی اور کہا آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں موسم کی صورتحال بتاتے ہوئے کہا کہ شہر میں مطلع جزوی برآلود اور موسم گرم رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے شہر میں آج تیز سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ہے جبکہ شمال مشرق سمت سے 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔
شہرکافضائی معیارمضر ہے اور ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 112 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آج سے بارش کا نیا اسپیل داخل ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
آج سے مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک میں داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں ژالہ باری کا امکان ہے۔
شمالی اورپہاڑی علاقوں میں گرج چمک کےساتھ بارش اوربرف باری کا امکان ہے۔
گلگت بلتستان میں پچیس فروری سے دو مارچ تک شدید بارش اوربرف باری متوقع ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں سڑکیں بند اور پھسلن کا خطرہ ہے۔
خیبر پختونخوا اور کشمیرمیں فلیش فلڈنگ اورلینڈسلائیڈنگ کاخدشہ ہے، جس کے پیش نظر سیاحوں کو غیر ضروری سفرسے گریزکی ہدایت کی گئی ہے۔