آپ نے انسانوں کا مارچ پاسٹ اور پریڈ کئی بار دیکھی ہوگی مگر قدرت آپ کو دکھانے جا رہی ہے سیاروں کی پریڈ جس کو دیکھنے کے لیے تیار ہو جائیں۔
ہمارے نظام شمسی کے زمین سمیت 8 سیارے زہرہ، مریخ، مشتری، زحل، یورینس، نیپچون اور عطارد ہیں۔ یہ تمام سیارے مختلف رفتار سے سورج کے گرد گردش کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ ان کے وجود میں آنے سے جاری ہے۔
تاہم قدرت ان سات سیاروں کی پریڈ دیکھنے کا منفرد موقع انسان کو فراہم کر رہی ہے جو 28 فروری کو افق پر دیکھا جا سکے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سات سیارے زہرہ، مریخ، مشتری، زحل، یورینس، نیپچون اور عطارد 28 فروری کو ایک قطار میں آسمان پر دکھائی دیں گے۔ اس فلکیاتی منظر کو سائنس کی زبان میں پلانیٹ پریڈ (سیاروں کی پریڈ) کہا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان میں سے چار سیاروں عطارد، زہرہ، مشتری اور زحل کو تو انسان بغیر کسی دوربین یا بائنیکیولر کے اپنی آنکھ سے دیکھ سکیں گے جبکہ یورینس، مریخ اور نیپچون کو دیکھنے کے لیے ایک چھوٹی دوربین کی ضرورت ہوگی۔
سیاروں کی پریڈ کا یہ واقعہ گزشتہ ماہ جنوری میں اس ووقت سے شروع ہوا جب 21 سے 29 جنوری تک زہرہ، مریخ، مشتری، یورینس اور نیپچون آسمان پر ایک ہی قطار میں منسلک ہوئے۔
اب 28 فروری کو اس میں مرکری کے اضافے کے ساتھ، صف بندی اپنے عروج پر پہنچ جاتی ہے۔
یہ خوبصورت نظارہ امریکا، میکسیکو، کینیڈا، بھارت، پاکستان سمیت کئی ممالک میں دیکھا جا سکے گا۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ نایاب واقعہ 28 فروری 2025 کے 15 سال بعد 2040 میں دوبارہ رونما ہوگا۔
واضح رہے کہ ہمارے نظام شمسی میں سورج سے سب سے قریب سیارہ عطارد ہے جس کا سورج کے گرد ایک چکر 88 دن میں مکمل ہوتا ہے۔ زمین 365 دن جب کہ نیپچوں کو سب سے زیادہ 165 سال ایک چکر مکمل کرنے میں لگتے ہیں۔
تاہم مختلف رفتار سے گردش کرنے کے بعد یہ تمام سیارے بعض اوقات ایک قطار میں آ جاتے ہیں اور اس کی وجہ سے یہ خوبصورت اور نایاب منظر دیکھنے کا ملتا ہے۔
یہ دلفریب نظارہ کیسے دیکھا جائے؟
اس نا قابل فراموش فلکیاتی نظارے کو دیکھنے کے لیے سب سے پہلے تو آسمان صاف یعنی ابر آلود نہیں ہونا چاہیے۔ دوسرا آپ کو شہر کی مصنوعی روشنیوں سے دور ایک قدرے تاریک علاقہ تلاش کرنا ہوگا، جہاں سے یہ نظارہ آپ کو اپنی تمام دلفریبی کے ساتھ واضح نظر آئے گا۔