اسلام آباد : گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد ایئرپورٹ کا نام بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ رکھنے کی درخواست کردی۔
تفصیلات کے مطابق گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو خط ارسال کردیا۔
خط میں گورنر کے پی نے اسلام آباد ایئرپورٹ کا نام بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ رکھنے کی درخواست کی۔
خط میں کہا گیا کہ 21 جون 2008 کو وزیراعظم نے ایئرپورٹ کا نام بینظیر بھٹو ایئرپورٹ رکھنے کا اعلان کیا تھا، یہ اقدام ملک و قوم کیلئے جان کا نذرانہ دینے پر بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ 9 اگست 2008 کو سی اے اے نے نام تبدیل کرنے کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا تھا، پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں بھی قومی ہیروز کے نام پر ائیر پورٹ موجود ہیں۔
خط میں کہا گیا کہ عوام کے مطالبے پردرخواست کرتا ہوں متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کی جائیں، آپ کا یہ اقدام عوامی حقوق کیلئے شہید بینظیر بھٹو کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہوگا۔