پیر, فروری 24, 2025
اشتہار

وسیم اکرم کا موجودہ پاکستانی ٹیم سے 5، 6 بڑے کھلاڑی باہر کرنے کا مشورہ

اشتہار

حیرت انگیز

وسیم اکرم نے بھارت کیخلاف پاکستان ٹیم کی بدترین کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بڑے نام ٹیم سے باہر کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت سے 6 وکٹوں سے شرمناک شکست کے بعد 24 کروڑ عوام کو مایوس کر دیا۔ اس بدترین شکست پر سابق کرکٹرز بھی تجزیے اور تبصرے کر رہے ہیں۔

ایک نجی ٹی وی کے اسپورٹس شو میں وسیم اکرم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کئی سالوں سے ان ہی کھلاڑیوں کے ساتھ وائٹ بال کرکٹ میں مستقل ہارے جا رہے ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ بولڈ اسٹیپ لیں اور نئے لڑکے وائٹ بال کرکٹ میں لے کر آئیں۔

وسیم اکرم نے کہا کہ بولڈ اسٹیپ لینا پڑے گا چاہے اس کے لیے ہمیں پانچ چھ بڑے نام تبدیل کرنا پڑیں۔ نئے کھلاڑیوں کے ساتھ چاہے اگلے چھ مہینے ہاریں لیکن انکو سپورٹ کریں اور 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ابھی سے تیاری شروع کریں۔

سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ موجودہ کھلاڑیوں کے ساتھ ہم کئی سال سے کھیلتے آ رہے ہیں۔ انہیں کافی چانس دے دیے، اسٹارز بھی بنا دیا۔ مگر اب بہت ہوگیا۔

سابق کپتان نے کہا کہ پانچ میچز میں ہمارے بولرز نے 24 وکٹیں 60 کی بھاری اوسط سے لیں۔ گزشتہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی ہماری بولنگ دنیا کی 14 ٹیموں میں دوسری بدترین بولنگ تھی۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین وطن واپس جاتے ہی سب سے پہلے سلیکشن کمیٹی، کپتان اور کوچ کو بلائیں اور ہمارے جو کرکٹ لیجنڈز ہیں، ان کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں۔

وسیم اکریم نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی، کوچ اور کپتان سے پوچھا جائے کہ کیا سوچ کر یہ ٹیم سلیکٹ کی تھی۔ سلمان علی آغا اور خوشدل شاہ سے آپ ویرات کوہلی جیسی کلاس کے بیٹرز کو آؤٹ کرنے کی توقع کرتے تھے۔

سابق پیسر نے کہا کہ ہم چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ کا اعلان ہوتے ہی چیختے رہے کہ یہ اسکواڈ درست نہیں، خود چیرمین نے بھی کہا کہ ایک دن رہ گیا ہے، اسکواڈ تبدیل کر لیں۔ سلیکشن کمیٹی نے ایک گھنٹہ میٹنگ بھی کی لیکن اسکواڈ تبدیل نہیں کیا۔

وسیم اکرم نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ناکامی کی ذمہ داری محمد رضوان پر بھی عائد ہوتی ہے۔ کپتان ایک طرح سے کشتی کا ناخدا ہوتا ہے۔ کیا اس کو پتہ نہیں تھا کہ اپنی کنڈیشن میں ٹیم کو کون کون سے کھلاڑیوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب انتہا ہوچکی ہے اور ٹیم کی موجودہ صورتحال ناقابل قبول ہے۔

بھارت سے شرمناک شکست کے بعد پاکستانی ٹیم پر شائقین کا ’’میمز‘‘ سے حملہ

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں