منگل, فروری 25, 2025
اشتہار

پاکستان میں رمضان کے چاند سے متعلق پیش گوئی

اشتہار

حیرت انگیز

رمضان المبارک کے چاند سے متعلق سپارکو نے پیش گوئی کر دی۔

ترجمان سپارکو کے مطابق نیا چاند 28 فروری 2025 کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق پانچ بج کر 45 منٹ پر ہو گا اور غروب افتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے ہوگی۔

28 فروری کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے اور بلندی 5 ڈگری ہو گی، چاند کی کم بلندی اور فاصلے کی وجہ سے ہلال کا نظر آنا مشکل ہے۔ چاند اور سورج کا زاویائی فاصلہ7 ڈگری ہوگا جس کی وجہ سے ہلال انسانی  آنکھ سے نظر نہیں آئے گا۔

پاکستان میں رمضان المبارک 2 مارچ 2025  سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

سعودی عرب میں 28 فروری کو ہلال نظر آسکتا ہے سعودی عرب میں  رمضان یکم مارچ سے شروع ہوگا۔

ترجمان نے واضح کیا کہ رمضان کے چاند کی رویت کا حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کے پاس ہے۔

رویت ہلال

رمضان المبارک 1446 ہجری کا چاند دیکھنے کےلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔ رمضان کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 28 فروری کو پشاور میں ہوگا۔

چئیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کریں گے۔ وزارت مذہبی امور کا کہنا تھا کہ زونل رویت ہلال کمیٹیاں اپنے متعلقہ مقامات پر اجلاس کریں گی، چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان مرکزی کمیٹی کرے گی، اجلاس کے انتظامات وزارت مذہبی امور کے تحت ہوں گے۔

محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ماہ رمضان کا چاند28 فروری کو نظر آنے کا امکان نہیں ہے تاہم ملک بھر میں پہلاروزہ 2 مارچ کو ہوگا۔

ذرائع محکمہ موسمیات کے مطابق چاند کی پیدائش28فروری کو5بج کر45منٹ پر ہوگی، غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر13گھنٹے 12منٹ ہوگی۔

ذرائع محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلامی ماہ کا چاند دکھائی دینے کیلئے اس کی عمر 19گھنٹے ہونا ضروری ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ 29 شعبان کو مطلع کہیں صاف اور کہیں بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔

سعودی عرب، خلیجی ممالک

سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں رمضان 2025 یکم مارچ سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ ماہرین فلکیات کے مطابق زیادہ تر اسلامی ممالک میں یکم مارچ بروز ہفتہ سے رمضان 2025 کا آغاز متوقع ہے۔

ابوظہبی میں قائم بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے بتایا کہ اسلامی ممالک جمعہ 28 فروری کو بابرکت مہینے کے آغاز کے موقع پر رمضان کا چاند دیکھیں گے۔

ماہرین فلکیات نے مزید کہا کہ عین فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر، ہفتہ 1 مارچ 2025 کو رمضان کا پہلا دن ہونے کی توقع ہے تاہم حتمی فیصلہ چاند نظر آنے کے بعد کیا جائے گا۔

مرکز کے چیئرمین محمد عودہ نے کہا کہ ہلال مغربی ایشیا، بیشتر افریقہ اور جنوبی یورپ میں دوربینوں کے ذریعے نظر آئے گا، جب کہ اسے امریکہ کے بڑے حصوں میں کھلی آنکھوں سے دیکھا جا سکتا ہے۔

رمضان، اسلامی قمری تقویم کا نواں مہینہ اور ایک مقدس وقت ہے جب دنیا بھر کے مسلمان صبح سے غروب آفتاب تک روزہ رکھتے ہیں، کھانے پینے اور دیگر جسمانی ضروریات سے پرہیز کرتے ہیں۔

29 یا 30، اس رمضان میں کتنے روزے ہوں گے

قمری یا اسلامی مہینے 29 یا 30 ایام پر مشتمل ہوتے ہیں ماہ رمضان کتنے روزوں پر مشتمل ہوگا اس ھوالے سے ماہر فلکیات نے پیشگوئی کی ہے۔

قمری یا اسلامی مہینوں کا آغاز رویت یا چاند پر منحصر ہوتا ہے اور یہ مہینے عیسوی مہینوں کے برعکس 29 یا 30 دنوں پر مشتمل ہوتے ہیں۔ ماہ رمضان المبارک کے آغاز میں صرف دو ہفتے باقی رہے گئے ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں رواں سال ماہ رمضان المبارک کتنے ایام (روزوں) پر مشتمل ہوگا۔ اس حوالے سے ماہر فلکیات نے پیشگوئی کی ہے۔

فلکیاتی کمیٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین اور عرب فضا و فلکیاتی فیڈریشن کے رکن ابراہیم الجروان کا کہنا ہے’ رواں برس رمضان المبارک 30 دن جبکہ روزے کا دورانیہ 13 گھنٹے کا ہوگا۔‘

امارات الیوم کے مطابق فلکیاتی کمیٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین اور عرب فضا و فلکیاتی فیڈریشن کے رکن ابراہیم الجروان کا کہنا ہے رواں برس رمضان المبارک 30 دن پر مشتمل ہوگا اور روزے کا دورانیہ 13 گھنٹے ہوگا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ امارات میں مشرقی علاقوں میں سحری اور افطاری کے اوقات مغربی علاقوں کے مقابلے میں 20 منٹ کا فرق ہوگا۔

الجروان کا مزید کہنا تھا’ جمعہ 28 فروری کی شام رمضان المبارک کا چاند دکھائی دینے کی قوی امید ہے، اس اعتبار سے یکم مارچ بروز ہفتہ یکم رمضان ہوگا۔

فلکیاتی حساب سے عید الفطر کا چاند 29 مارچ کو امارات کے وقت کے مطابق ہلال کی پیدائش 14:58 پر ہوگی جو غروب آفتاب سے پانچ منٹ بعد ہی ڈوب جائے گا۔

جس کی وجہ سے ہلال کا مشاہدہ کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ اس طرح ماہ مبارک میں 30 روزے ہوں گے اورعید الفطر بروز پیر 31 مارچ کو ہوگی۔

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں