سابق بھارتی کرکٹر نے پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میچ ون سائیڈڈ تھا اور پاکستان کا کھیل دیکھ کرٹاپ کلاس میمز بنیں گے۔
بھارت کے سابق بلے باز اور موجودہ یوٹیوبر آکاش چوپڑا نے چیمپئنزٹرافی میں پاکستان کی یکطرفہ شکست پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کپتان رضوان کے خیالات کو حیران کن قرار دیا، وہ سمجھتے ہیں کہ محمد رضوان کا پاکستانی اور بھارتی اسپنرز کا موازنہ کرنا درست نہیں ہے۔
آکاش چوپڑا نے کہا کہ پاکستانی کپتان محمد رضوان کا ماننا ہے کہ سلمان علی آغا اور خوشدل شاہ اسی کوالٹی کے بولرز ہیں جیسا کے اکشر بٹیل اور رویندرا جڈیجا ہیں تو ایسا بالکل بھی نہیں ہے۔
سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ پاکستان آپ ایسے ہی رہیں، اگرچہ بھارت اور پاکستان کے میچز ون سائیڈڈ ہوتے ہیں مگر ہارنے کے بعد پاکستان کی میم گیم اور کرکٹ کانٹینٹ ٹاپ کلاس ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ بھارت نے چیمپئنزٹرافی کے اہم مقابلے میں پاکستان کو تقریباً یکطرفہ مقابلے میں شکست دی تھی اور 242 رنز کا ہدف 45 گیندیں قبل حاصل کیا تھا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں بری طرح ناکام نظر آئی تھی، سابق کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹرز میں اعتماد کا فقدان تھا اور وہ ڈرے ہوئے نظر آئے۔