اقوام متحدہ میں پاکستان کے متبادل مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ امریکی قرار داد پاکستان کے واضح اور مستقل مؤقف کے مطابق ہے۔
یہ بات انہوں نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکی قرار داد منظور ہونے سے متعلق پاکستانی مندوب عاصم افتخار احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امریکی قرارداد ’’امن کا راستہ‘‘کے حق میں ووٹ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ امریکی قرارداد روس یوکرین کے تنازعہ پر پاکستان کے واضح اور مستقل مؤقف کے عین مطابق ہے۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ یہ قرارداد تنازعہ کے مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے مطالبات کے مطابق ہے اور پاکستان اس المناک تنازعہ پر گہری تشویش میں مبتلا ہے۔
عاصم افتخار احمد نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ روس یوکرین جنگ کے نتیجے میں انسانی مصائب اور معاشرے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے، قیام امن ہم سب کا ایک مشترکہ مقصد ہے۔
مزید پڑھیں : اقوام متحدہ نے یوکرین سے متعلق امریکی قرارداد منظور کرلی
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے روس مخالف تمام ترامیم مسترد کرتے ہوئے یوکرین سے متعلق امریکی قرارداد منظور کرلی۔
مذکورہ قرار داد میں حق میں پاکستان، چین، امریکا، پاناما، الجیریا، کوریا اور روس نے ووٹ دیئے، مجموعی طور پر قرارداد کے حق میں 10 ووٹ پڑے، فرانس ، برطانیہ، ڈنمارک،یونان سمیت 5ارکان غیرحاضر رہے۔
رپورٹ کے مطابق روس نے یوکرین سے متعلق امریکی قرارداد میں ترمیم کی یورپی کوشش کو ویٹو کردیا۔