کراچی : مقتول مصطفیٰ عامر کی والدہ نے ایک این جی او کے ساتھ تین تلوار پر انصاف کے حصول کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں 3 تلوار پر مصطفیٰ عامر قتل کیس سے متعلق سماجی تنظیم نے احتجاج کیا ، پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے مظاہرین نے ملزم ارمغان کی پھانسی کا مطالبہ کیا۔
مصطفیٰ عامر کو انصاف دلانے کے لیے احتجاج ، مظاہرین کا ملزم ارمغان کی پھانسی کا مطالبہ
احتجاج میں مقتول مصطفیٰ عامر کے لیے شمعیں بھی روشن کی گئیں ، احتجاج میں مقتول کی والدہ بھی شریک تھیں۔
اس موقع پر مقتول کی والدہ کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ کاقتل سازش کےتحت کیاگیاہے، ارمغان نشے کی حالت میں بلوچستان بغیر نقشے کیسے پہنچ گیا۔
مزید پڑھیں: ارمغان کیلئے پھانسی بہت چھوٹی سزا ہوگی، والدہ مصطفیٰ
گذشتہ روز مقتول نوجوان مصطفیٰ عامر کی والدہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مصطفیٰ کو انصاف دلانا اب میری زندگی کا مشن ہے۔
مقتول نوجوان کی والدہ کا کہنا تھا کہ ارمغان کیلئے پھانسی بہت چھوٹی سزا ہوگی، ایسے جانور کو باہر نہیں آنا چاہیے، اگر وہ رہا ہوگیا تو پہلے سے زیادہ خطرناک ہوجائے گا۔
مقتول کی والدہ نے عوام سے اپیل کی کہ مصطفیٰ کیلئے آواز اٹھائیں، میرا بیٹا منشیات فروش نہیں تھا۔
یاد رہے مصطفیٰ عامر کو 6 جنوری کو کراچی کے علاقے ڈیفنس سے مبینہ طور پر اس کے دوستوں نے اغوا کر کے قتل کر دیا تھا. پولیس کے مطابق نوجوان کے دوستوں نے اس کی لاش کو اس کی گاڑی ڈال کر بلوچستان کے علاقے حب میں جلادیا تھا۔
بعد ازاں کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے بارے میں پریشان کن انکشافات سامنے آئے ہیں، جس نے مصطفیٰ کے قتل سے قبل متعدد افراد کو تشدد کا نشانہ بنانے کا اعتراف کیا۔