چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد کی سرجانی تھانے کے کیس میں بھی ایک لاکھ مچلکے کے عوض ضمانت منظور ہو گئی ہے۔
مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کے خلاف سرجانی ٹاوٴن میں ٹرک نذرِ آتش کرنے کے مقدمہ کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی کراچی میں سماعت ہوئی۔
عدالت نے آفاق احمد کی تیسری مقدمے میں بھی ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا ہے۔
واضح رہے کہ مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کو 11 فروری کو کورنگی میں مال بردار گاڑیوں کو جلانے کے مقدمہ میں گرفتار کیا گیا تھا۔
آفاق احمد کی مذکورہ مقدمہ میں ضمانت کے بعد انہیں سرجانی تھانے میں درج اسی نوعیت کے ایک اور مقدمہ میں بھی گرفتار کر لیا گیا تھا، جس میں عدالت نے آج ضمانت منظور کی ہے۔
دریں اثنا اس حوالے سے مہاجر قومی موومنٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آفاق احمد کے رہا ہونے پر کارکن اپنے قائد کا سینٹرل جیل کے باہر استقبال کریں گے اور وہ رہائی کے بعد ریلی کی صورت میں سینٹرل جیل سے براہ راست ڈمپر حادثات میں جاں بحق افراد کے گھر جا کر ان کے ورثا سے تعزیت کریں گے۔