پاکستان کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے اہم میچ میں بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ گزشتہ روز بنگلا دیش کے خلاف نیوزی لینڈ کی فتح کے بعد پاکستان ایونٹ سے باہر ہوگیا۔
رپورٹس کے مطابق بھارت سے پاکستان کی شکست کے بعد دبئی اسٹیڈیم میں موجود متعدد پاکستانی کرکٹ شائقین کی ویڈیوز سوشل میڈیا کی زینت بنیں، جو اپنے اپنے انداز میں غصے کا اظہار کررہے تھے۔
ایسے میں ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں فریال وقار نامی پاکستانی سپورٹر کو اسٹیڈیم سے باہر آکر میڈیا سے گفتگو کے دوران مسکراتے ہوئے اپنی مایوسی کا اظہار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
پاکستانی کرکٹ سپورٹر فریال وقار کی آنکھیں اور چہرے کے نقوش حیران کُن طور پر بھارتی اداکارہ دپیکا پڈوکون سے مماثلت رکھتے تھے جسے سوشل میڈیا صارفین نے فوری نوٹس کرلیا اور یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
دپیکا پڈوکون کی ہم شکل فریال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیم کو سپورٹ کرنے اسٹیڈیم آئی تھیں لیکن قومی ٹیم کی کارکردگی دیکھ کر شدید مایوسی اور صدمہ ہوا ہے۔
سابق کرکٹر کا شاہین، حارث اور نسیم سے پیچھا چھڑا کر آگے بڑھنے کا مطالبہ
فریال کا کہنا تھا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گیا ہے، اس لیے دل بہت زیادہ اداس ہوگیا ہے، میں لاجواب ہوچکی ہوں، آج ہماری ٹیم نے کیا کیا ہے؟ ہم تو پہلے میچ میں شکست کے باوجود پورے جوش و خروش کے ساتھ آج پاکستان کو سپورٹ کرنے آئے تھے۔
ویڈیو کے کمنٹس سیکشن میں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔