کراچی سمیت سندھ بھر میں ہر سال میٹرک کے امتحانات کا انعقاد مارچ میں کیا جاتا ہے تاہم اس بار رمضان المبارک کے باعث نیا شیڈول مرتب کیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں اس سال نویں اور دسویں جماعت کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے اور تحریری امتحانات سے قبل پریکٹیکل امتحانات لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے طلبہ وطالبات کے والدین کی درخواست پر میٹرک امتحانات کا شیڈول تبدیل کر دیا ہے اور اب یہ امتحانات عید کے بعد منعقد ہوں گے۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں اس سال نویں اور دسویں جماعت کے تحریری امتحانات 7 اپریل سے شروع ہوں گے اور 25 اپریل تک جاری رہیں گے۔
اس سے قبل پریکٹیکل امتحانات کا انعقاد 10 مارچ سے ہوگا۔
میٹرک امتحانات کے بعد فرست ایئر اور سیکنڈ ایئر کے امتحانات کا سلسلہ 28 اپریل سے شروع ہوگا
اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے مطابق اس بار صوبے بھر میں نیا تعلیمی سال بھی اگست کے بجائے 7 اپریل سے شروع ہوگا۔
ملک کے دیگر صوبوں میں میٹرک امتحانات درج ذیل شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
فیڈرل بورڈ
فیڈرل بورڈ کے تحت میٹرک کے سالانہ امتحانات کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا جس کے تحت امتحانات 18مارچ سے شروع ہوں گے، جبکہ 28 مارچ سے 3 اپریل تک امتحانات کی تعطیلات ہوں گی۔
عیدالفطر کی چھٹیاں ہوں گی ، عید کے بعد پہلا امتحان 4 اپریل کوہوگا جبکہ پریکٹیکل 28اپریل سے شروع ہوں گے۔ فیڈرل بورڈ کے مطابق امتحانی مراکز میں موبائل فون اوراسمارٹ واچ لانے پر پابندی ہوگی۔
پنجاب
پنجاب میں میٹرک کے سالانہ امتحانات 4 مارچ 2025 سے شروع ہونے والے ہیں۔ ڈیٹ شیٹ کے تحت پہلے گروپ کا پہلا پرچہ عربی جبکہ دوسرے گروپ کا پہلا پرچہ تاریخ کا ہوگا۔
5 مارچ 2025 دونوں گروپ انگریزی لازمی کا پرچہ دیں گے۔ 6 مارچ 2025 کو اکنامکس، ہیلتھ اور فزیکل ایجوکیشن کے پرچے ہیں۔ اس کے بعد 7 مارچ 2025 کو دونوں گروپوں بیالوجی اور کمپیوٹر سائنس کا امتحان دیں گے۔
اس سال میٹرک کے امتحانات رمضان المبارک میں ہیں۔ مہینوں کی تیاری کے بعد امیدوار نتائج دیکھنے اور دوسری کلاسوں میں منتقلی ہونے کیلیے بے تاب ہیں۔
پنجاب بورڈز کی طرف سے 10ویں کلاس کی ڈیٹ شیٹ کے اجرا کے ساتھ طلبہ کو مطالعے کی مؤثر طریقے سے منصوبہ بندی کا موقع ملے گا۔
خیبرپختونخوا
خیبرپختونخوا میں میٹرک اور انٹر کے سالانہ امتحانات ملتوی کرنے کا اعلامیہ جاری کیا گیا تھا، جس کے مطابق وزیراعلیٰ کی ہدایت پرپشاور بورڈ نے میٹرک امتحانات کا شیڈول تبدیل کر دیا تھا۔
اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ پشاور بورڈ کے زیراہتمام امتحانات 8 اپریل کو عید کے بعد شروع ہوں گے۔ میٹرک کےامتحانات پہلے 15 مارچ سےشروع ہونے تھے۔