کراچی: پاکستان ریلوے نے سرسید ایکسپریس بند کرنے کااعلان کردیا، ریلوے کی جانب سے مذکورہ ٹرین کی سروس آج سے معطل ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے نے سرسید ایکسپریس کو آج سے معطل کردیا ہے، ٹرین کراچی سے راولپنڈی کے درمیان نجی کمپنی کےتحت چلائی جارہی تھی، سرسید ایکسپریس کو بند کرکے کراچی تا لاہور شاہ حسین ایکسپریس کو دوبارہ بحال کیا گیا ہے۔
آؤٹ سورس کی گئی سرسید ایکسپریس کی سروس بند کرنے کے حوالے سے کل باقاعدہ نوٹیفکشین جاری کیا گیا تھا۔
اہم ٹرین بحال، مسافروں کی سہولت کیلیے کرایے میں کمی
نوٹیفکشین میں بتایا گیا تھا کہ کراچی سے راولپنڈی کےلیے چلنے والی سرسید ایکسپریس کل سے معطل کی جارہی ہے، سرسید ایکسپریس ٹرین راس لوجسٹک کے زیر انتظام چلائی جا رہی تھی۔
گزشتہ سال ستمبر میں سرسید ایکسپریس کو بحال کیا گیا تھا، ٹرین پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلائی گئی تھی جس میں ایک اے سی سلیپر، 3 اے سی بزنس اور 1 اے سی اسٹینڈرڈ کوچز شامل تھیں جبکہ 8 اکانومی کوچز کے ساتھ ساتھ ڈائننگ کار بھی ٹرین کا حصہ تھیں۔
مذکورہ ٹرین میں مسافروں کے لیے فری وائی فائی کی سہولت بھی فراہم کی گئی تھی جبکہ ٹرین کے ٹکٹ کی ادائیگی گھر بیٹھے موبائل ایپلیکیشنز کے ذریعے بھی کی جا سکتی تھی۔