کراچی : شہر قائد میں ٹریفک حادثات میں 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، کورنگی انڈسٹریل ایریا میں ایک اور شخص ٹریلر سے کچل کر جاں بحق ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کورنگی انڈسٹڑیل ایریا گودام چورنگی پر تیز رفتار ٹریلر کی زد میں آکر نوجوان کے جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
حادثے کے بعد پولیس اور امدادی کارکنان جائے وقوعہ پر پہنچے اور جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش کو قانونی کارروائی کیلیے جناح اسپتال منتقل کیا۔
ریسکیوحکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عرفان کے نام سے ہوئی ہے، اہل خانہ کے مطابق متوفی عرفان موٹرسائیکل پر سوار تھا۔
متوفی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ عرفان شادی شدہ اور ایک بچے کا باپ تھا جو مقامی گارمنٹ فیکٹری میں درزی کا کام کرتا تھا، متوفی شیریں جناح کالونی کا رہائشی اور کچھ روز قبل عمرہ کرکے واپس آیا تھا۔
دوسرے واقعے میں کراچی کے علاقے کورنگی نمبر4 پر فائرنگ سے نوجوان کے زخمی ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے، پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ 2 دوستوں میں مذاق کے دوران گولی چل گئی۔
زخمی نوجوان کی شناخت 18 سالہ دانیال کے نام سے کی گئی ہے جو اپنے ایک دوست کے ہمراہ گرلز کالج کے باہر بیٹھا ہوا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں میں کسی بات پر مذاق چل رہا تھا کہ اس دوران اچانک فائر ہوگیا اور ایک گولی دانیال کے پاؤں میں جا لگی، فائرکرنے والا ملزم اویس گرفتاری کے خوف سے فرار ہوگیا۔
مزید پڑھیں : واٹر ٹینکر نے ایک اور موٹر سائیکل سوار کی جان لے لی
اس سے قبل مانسہرہ کالونی کے قریب واٹر ٹینکر نے ایک موٹر سائیکل سوار کی جان لے لی، ٹریفک حادثے کے بعد موٹر سائیکل سوار کی لاش بہت دیر تک واٹر ٹینکر کے نیچے پھنسی رہی۔