تہران: حملے کے خدشے کے پیش نظر ایران نے جوہری تنصیبات کے حوالے سے ’ہائی الرٹ‘ جاری کر دیا ہے۔
برطانوی اخبار ٹیلی گراف کے مطابق جوہری تنصیبات پر حملے کے خدشے کی وجہ سے ایران نے نیوکلیئر سائٹس کے لیے ’ہائی الرٹ‘ جاری کر دیا ہے۔
اخبار کا کہنا ہے کہ ایران نے جوہری تنصیبات پر ہائی الرٹ ممکنہ امریکی اور اسرائیلی مشترکہ فوجی کارروائی کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر جاری کیا ہے، تہران نے اس سلسلے میں اہم جوہری اور میزائل سائٹس کے دفاع کے لیے اضافی فضائی دفاعی نظام تعینات کیا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی انٹیلیجنس بائیڈن اور ٹرمپ انتظامیہ دونوں کو اسرائیل کے اس سال اہم ایرانی جوہری مقامات پر حملہ کرنے کے مبینہ منصوبوں کے بارے میں خبردار کر چکی ہے۔
ایران نے امریکا کو صاف انکار کر دیا
برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایران برسوں سے اپنی جوہری تنصیبات کو زیادہ محفوظ بنا رہا ہے، تاہم اسرائیل کی جانب سے گزشتہ برس پہلا حملہ ہونے کے بعد سے اس میں تیزی آ گئی ہے۔ اسرائیل نے تہران کے قریب پارچن ملٹری کمپلیکس پر فضائی حملہ کیا تھا، جس میں ’تلیغان 2‘ کی تنصیب کو تباہ کیا گیا، جو کہ مبینہ طور پر جوہری ہتھیاروں کی تحقیق میں ملوث تھا۔
اخبار نے ذرائع کے حوالے سے لکھا ’’وہ صرف حملے کا انتظار کر رہے ہیں اور ہر رات اس کا انتظار کر رہے ہیں اور سب کچھ ہائی الرٹ پر ہے، یہاں تک کہ ان سائٹس پر بھی جن کے بارے میں کوئی نہیں جانتا۔‘‘