بدھ, فروری 26, 2025
اشتہار

رمضان میں لوڈشیڈنگ ، سندھ حکومت کی کے الیکٹرک سے بات چیت جاری

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : وزیر توانائی ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک سمیت تمام تقسیم کار کمپنیوں سے بات چیت جاری ہے اور رمضان میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا کہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی آئی بی اے یونیورسٹی میں پاکستان اکیڈمک کنسورشیم کے زیر اہتمام اور آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ کے تعاون سے موسمیاتی تبدیلیوں پر "گرین مائنڈز، گرینر اسکولز” کے عنوان سے کانفرنس منعقد کی گئی۔

اس کانفرنس میں موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی اور پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے طلبہ اور اساتذہ کے درمیان تعاون کو فروغ دیا گیا۔

اس موقع پر وزیر توانائی ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پوری دنیا میں موسمیاتی تبدیلی کے مسائل ہیں اور پاکستان اس حوالے سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔

انہوں نے 2022 میں پاکستان میں موسمیاتی حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کبھی خشکی، کبھی پانی کی کمی، پاکستان کو مختلف مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا سندھ میں کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو کے ساتھ مسلسل بات چیت کی جا رہی ہے اور رمضان میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا کہا ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے جہاں بل ادا نہیں کیا جاتاوہاں پرلوڈشیڈنگ کرتے ہیں لیکن ہم نے کہا رمضان کاخیال کرتےہوئے اس پر زیادہ توجہ نہ دیں تاکہ عوام کومسئلہ نہ ہو۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آج ڈائریکٹ پرائیویٹ اسکولز کی جانب سے کانفرنس کا انعقاد ایک خوش آئند قدم ہے، کئی طلبہ نے موسمیاتی تبدیلی سے بچاوٴ کے لیے اچھے پروپوزل پیش کیے ہیں اور حکومت اس پر کام کر رہی ہے تاکہ بہتر حل نکالا جا سکے۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ حکومت پاکستان کو ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری ملنے کے بعد اربن فورسٹ اور گرین انرجی کی جانب قدم بڑھا رہی ہے، بلاول بھٹو کے وڑن کے مطابق، ایجوکیشن اور ہیلتھ سیکٹر میں سولر سسٹم فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اس کے لیے سندھ حکومت نے فنڈز مختص کیے ہیں، سولر سسٹم کو مرحلہ وار اسکولوں اور کالجوں میں نصب کیا جائے گا۔

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں