قومی ٹیم کے اوپنر بیٹر فخر زمان نے ریٹائرمنٹ کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔
پاکستان کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے اپنے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے حوالے سے قیاس آرائیوں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
فخر زمان نے حال ہی میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں واپسی کی لیکن انہیں پہلے ہی میں انجری کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے فخر کی انجری کی تصدیق کرتے ہوئے امام الحق کو ان کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا۔
فخر کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد یہ خبریں آنا شروع ہوگئیں کہ وہ ریٹائرمنٹ پر غور کررہے ہیں اور اس کے لیے قریبی لوگوں سے مشاورت شروع کردی ہے۔
بعدازاں فخر زمان نے ان رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے، میں مکمل طور پر فٹ ہوکر اور جلد ٹیم میں شامل ہو جاؤں گا۔
واضح رہے کہ فخر زمان نے 2017 میں انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا، وہ تین ٹیسٹ۔ 86 ون ڈے اور 92 ٹی 20 میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں، انہوں 11 سنچریوں اور 30 نصف سنچریوں کی مدد سے تمام فارمیٹس میں 5691 رنز بنائے ہیں۔