کراچی: گارڈن سے لاپتہ بچوں کا تینتالیس دن بعد بھی سراغ نہ ملا، علی رضا کے والد بیٹے کا بستہ لے کر بیٹھے رہتے ہیں اور روتے ہوئے فریاد کرتے ہیں کہ بچے کو واپس لا دو۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن سے علیان اورعلی رضا کی گمشدگی کو پینتالیس دن سے زیادہ ہوگئے، گھر سے باہر کھیلتے بچے کہاں گئے کون لے گیا؟ پولیس اب تک سراغ نہ لگاسکی۔
والدین کی نظریں دن رات دروازے پرلگی رہتی ہیں کہ شاید کوئی معجزہ ہوجائے اور ان کے دل کے ٹکڑے واپس آجائیں۔
علی رضا کے والد اکثر گھر میں اس کی کتابیں کھول کر بیٹھ جاتے ہیں اور گھنٹوں اس کی یاد میں گزار دیتے ہیں جبکہ علی رضا کے ساتھ اغوا ہونے والے علیان کے والد روز شام کو گلی میں بیٹھ کر اس کے آنے کا انتظار کرکے گزار دیتے ہیں۔
علی رضا اور علیان کے والدین کا کہنا ہے کہ اگر شروع ہی سے بچوں کی گمشدگی کے کیس پر سنجیدگی سے کام کیا جاتا تو دونوں بچے آج اپنے گھروں میں ان کے ساتھ ہوتے۔
یاد رہے 14 جنوری کو کراچی کے علاقے گارڈن سے دونوں بچے گلی میں کھیلتے ہوئے لاپتہ ہوگئے تھے۔