مایوس کن کارکردگی کے بعد پاکستان ٹیم صرف چیمپئنز ٹرافی سے ہی باہر نہیں ہوئی بلکہ کھلاڑیوں کی آئی سی سی رینکنگ میں بھی تنزلی ہوئی ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی نے ون ڈے کی نئی رینکنگ جاری کی ہے اور پاکستانی کرکٹرز کو بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر اس میں تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
میگا ایونٹ میں مایوس کن کارکرگی پر پاکستانی ٹیم کے بڑے ناموں کپتان محمد رضوان، فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف کو کئی درجے تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے جب کہ بابر اعظم اپنی دوسری پوزیشن پر برقرار ہیں۔
پاکستان کے وائٹ بال کپتان محمد رضوان جو چیمپئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ کے خلاف صرف 3 اور بھارت کے خلاف 46 رنز بنا سکے۔ وہ 16 ویں سے 20 ویں نمبر پر چلے گئے۔
پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر کہلانے والے شاہین شاہ آفریدی جو چیمپئنز ٹرافی میں متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے، پانچ درجے تنزلی کے بعد چوتھے سے نویں نمبر پر جا پہنچے ہیں۔
حارث رؤف بھی 6 درجے کمی کے بعد اب 22 ویں پوزیشن پر ہیں۔ تاہم نسیم شاہ کی دو درجے ترقی ہوئی ہے اور وہ 44 سے 42 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ بھارت کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے لیگ اسپنر ابرار احمد 26 درجے ترقی کے بعد 49 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی میں زخمی ہونے والے قومی اوپنر فخر زمان نیوزی لینڈ کے خلاف بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام رہے جس کی وجہ سے تین درجہ تنزلی کے بعد 17 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ تاہم سابق کپتان بابر اعظم کی دوسری پوزیشن برقرار رہے۔
زخمی ہونے کے باعث ڈیڑھ ماہ سے کرکٹ سے دور قومی اوپنر صائم ایوب 8 درجہ تنزلی کے بعد 35 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ تاہم نائب کپتان سلمان علی آغا کی 46 ویں اور امام الحق کی 32 ویں پوزیشن برقرار ہے۔
آئی سی سی رینکنگ میں ٹاپ پر بھارتی نائب کپتان شبھمن گل پہلی اور کپتان روہت شرما تیسری پوزیشن پر ہیں۔ ویرات کوہلی کو پاکستان کے خلاف سنچری اسکور کرنے کا صلہ پانچویں پوزیشن کی صورت میں ملا ہے۔
بولرز رینکنگ میں سری لنکن اسپنر مہیش تھیکشانا بدستور نمبر ون بولر ہیں، جبکہ افغانستان کے راشد خان دوسرے نمبر پر برقرار ہیں۔
جنوبی افریقا کے کیشو مہاراج ایک درجہ ترقی کے بعد چوتھے، نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری دو درجے اوپر جا کر چھٹے اور آسٹریلیا کے ایڈم زیمپا دو درجے ترقی کے بعد 10 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔