کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کے حوالے سے نئی پیش گوئی کردی۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں بادل برسنے سے جاتی سردی لوٹ آئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں ہلکی بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کراچی میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور آئندہ چند روز تک پارہ پینتیس ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
لاہور، جہلم، جھنگ، ساہیوال، شیخوپورہ، جڑنوالہ، ڈسکہ اور محسن وال میں وقفے وقفے سے بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں کبھی ہلکی کبھی تیز بارش سے موسم سہانا ہوگیا ہے۔
کوئٹہ اور پنجگور سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
نتھیا گلی، ایبٹ آباد اور مانسہرہ سمیت بالائی علاقوں میں برفباری سے ہرسو سفیدی چھاگئی۔
محکمہ موسمیات نے آج خیبر پختونخوا، بلوچستان ،پنجاب،گلگت بلتستان اور کشمیرمیں بارش اور پہاڑوں پرمزید برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔
لاہور میں گزشتہ روز شروع ہونے والی بارش وقفے وقفے سے جاری ہے، بارش کے باعث موسم سرد ہوگیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آج مزید بارش کا امکان ہے جبکہ سکھرسمیت گردو نواح میں ہلکی بارش سے جاتی سردی لوٹ آئی۔