کراچی : کراچی ائیرپورٹ پر بین الاقوامی پروازکی گراؤنڈ ہینڈلنگ پہلی بار خواتین عملے کے سپرد کردی گئی جبکہ طیارے کی پائلٹس بھی خواتین تھیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ہوا بازی کی صنعت نے اہم سنگ میل عبور کر لیا ، جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بین الاقوامی پرواز کی گراؤنڈ ہینڈلنگ پہلی بار خواتین عملے نے انجام دی۔
غیرملکی ایئرلائن کی پرواز کی لینڈنگ کے بعد ہوائی جہاز کو محفوظ طریقے سے پارک کرنے، مسافروں کو اترنے کے لیے ایرو برج کو جوڑنے، اور ان کے سامان کو ٹرمینل تک پہنچانے کے تمام کام خواتین کی ٹیم نے سنبھالے۔
اس تاریخی موقع پر خواتین کی مکمل ٹیم نے سری لنکن ائیرلائنز کے اے 320 طیارے کا گراؤنڈ ہینڈلنگ آپریشن بخوبی سرانجام دیا، غیرملکی ایئرلائن کی پرواز کی پائلٹ بھی خواتین تھیں جبکہ جہاز کو اگلی پرواز کے لیے بھی خواتین نے ہی تیار کیا۔
ان باہمت خواتین نے ہوا بازی کی صنعت میں ایک ایسا پیشہ چنا ہے جو کبھی مردوں کے لیے مخصوص سمجھا جاتا تھا تاہم ایئر لائنز کو گراؤنڈ ہینڈلنگ کی خدمات فراہم کرنے والی نجی کمپنی کا کہنا تھا کہ یہ صرف فلائٹ آپریشن نہیں تھا بلکہ پاکستان کی افرادی قوت کے منظر نامے میں واضح تبدیلی تھی۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان جنوبی ایشیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جہاں کاک پٹ سے لے کر گراؤنڈ لینڈنگ تک کے تمام کام خواتین ہی سنبھالتی تھیں۔ پہلے گراؤنڈ ہینڈلنگ کا مکمل انتظام مرد عملہ کرتا تھا۔