فٹبال اور کرکٹ دنیا کے دو مقبول کھیل ہیں افغان کھلاڑی نے کرکٹ بال سے وہ کمال دکھایا کہ فٹبال کھیلنے کا گمان ہو گیا۔
فٹبال اور کرکٹ دنیا کے دو مقبول کھیلوں میں شمار ہوتے ہیں، تاہم فٹبال میں کرکٹ سے بڑے سائز کی گیند استعمال ہوتی ہے لیکن رواں چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں افغان کرکٹ اسٹار نے کرکٹ گیند سے وہ سلوک کیا جس سے فٹبال کھیلنے کا گمان ہوا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں افغانستان نے اپنا پہلا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا جو افغان ٹیم ہار گئی تھی تاہم میچ کا ایک دلچسپ ویڈیو کلپ اب تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔
اس ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ افغانستان کے اسٹار آل راؤنڈر راشد خان پروٹیز بیٹر کو گیند کراتے ہیں اور اس کے شاٹ کو پیر سے روکتے ہیں۔
اس دوران وہ فٹبالر کے انداز میں کئی بار پیر اور ایڑی سے گیند کو اوپر نیچے اچھالتے ہیں اور پھر ہاتھ میں لے لیتے ہیں۔
اس دلچسپ ویڈیو کو ’’کل وقتی کرکٹر، پارٹ ٹائم فٹبالر‘‘ کے عنوان سے آئی سی سی ہندی آفیشل اکاؤنٹ سے جاری کیا گیا ہے اور اس کو اب تک ہزاروں صارفین دیکھ چکے اور دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔