چیمپئنز ٹرافی سے میزبان ٹیم پاکستان کے پہلے ہی راؤنڈ سے شرمناک اخراج پر سابق کرکٹر نے اس کی ذمہ داری دو کھلاڑیوں پر عائد کی ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پاکستان کی میزبان میں جاری ہے تاہم گرین شرٹس نیوزی لینڈ اور بھارت سے ذلت آمیز شکستوں کے بعد پہلے ہی راؤنڈ میں میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ اس شرمناک کارکرگی پر شائقین کرکٹ سمیت سابق قومی اور غیر ملکی کرکٹرز پاکستان ٹیم پر تنقید کر رہے ہیں۔
آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے پاکستان کے پہلے ہی راؤنڈ میں تورنامنٹ سے اخراج کی وجوہات بتاتے ہوئے اس کی ذمہ داری دو سینئر کرکٹرز کپتان محمد رضوان اور بابر اعظم پر عائد کی ہے۔
رکی پونٹنگ نے کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان بہترین کارکردگی نہیں دکھا سکے، ان دونوں کو آگے بڑھ کر زیادہ رنز بنانے چاہیے تھے لیکن یہ دونوں ٹورنامنٹ کے پہلے 2 میچز میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہی پاکستان ٹیم کے سیمی فائنل میں نہ پہنچنے کی وجہ ہو سکتی ہے۔ تاہم سابق آسٹریلوی کپتان نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ کیا پی سی بی منیجمنٹ بابر اعظم اور محمد رضوان کی صلاحیتوں کو درست انداز میں استعمال کر رہی ہے؟
سابق آسٹریلوی کپتان نے پاکستان کیخلاف کارکردگی دکھانے پر بھارتی کرکٹ سپر اسٹار ویرات کوہلی کی تعریف کی اور کہا کہ آپ کی ساکھ اس بات پر بنتی ہے کہ آپ بین الاقوامی اسٹیج پر سب سے بڑے مقابلوں میں کس طرح پرفارم کرتے ہیں۔ بڑے میچ جیتنے کے لیے بڑے کھلاڑیوں کی ضرورت ہوتی ہے اور بھارت کے لیے سب سے بڑا مقابلہ پاکستان کےخلاف میچ تھا، جس میں پرفارم کرکے کوہلی نے ایک بار پھر خود کو بڑا کھلاڑی ثابت کیا۔
پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی میں اپنا پہلا میچ کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف جب کہ دوسرا میچ دبئی میں روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلا اور دونوں میچز میں شکست کھائی۔