ہفتہ, مارچ 1, 2025
اشتہار

طویل قانونی جنگ ختم، کنگنا رناوت اور جاوید اختر میں صلح ہوگئی

اشتہار

حیرت انگیز

ممبئی: معروف بالی وڈ نغمہ نگار جاوید اختر اور اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت کے درمیان طویل قانونی جنگ ختم ہونے کے صلح ہوگئی۔

انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کنگنا رناوت نے آج اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک تصویر پوسٹ کی جس میں ان کو جاوید اختر کے ساتھ خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔

تصویر کے کیپشن میں لکھا گیا کہ ان کی جاوید اختر کے ساتھ قانونی جنگ ختم ہوگئی، انہوں نے صلح کرنے پر نغمہ نگار کی تعریف کی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ آج جاوید جی اور میں نے اپنا قانونی جھگڑا (ہتک عزت کا مقدمہ) بات چیت کے ذریعے حل کر لیا، وہ آئندہ میری ہدایت کاری میں بننے والی فلم میں گانے لکھنے پر بھی راضی ہوگئے۔

سال 2020 میں اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد کنگنا رناوت نے نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیا جس میں ان کا دعویٰ تھا کہ جاوید اختر نے ان سے اداکار ہریتک روشن سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایک بار جاوید اختر نے مجھے اپنے گھر بلایا اور بتایا کہ راکیش روشن اور ان کا خاندان بہت بڑے لوگ ہیں، اگر آپ ان سے معافی نہیں مانگیں گے تو وہ آپ کو جیل میں ڈال دیں گے جہاں آپ خودکشی کر لین گی، یہ ان کے الفاظ تھے۔ انہوں نے مجھے چیخ کر کہا اور میں اُس وقت کانپ رہی تھی۔

اس پر جاوید اختر نے ایک شکایت درج کروائی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کنگنا رناوت نے ٹیلی ویژن انٹرویو میں ان کے خلاف ہتک آمیز بیانات دیے جس سے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔

بعدازاں کنگنا رناوت نے بھی اسی عدالت میں نغمہ نگار کے خلاف جوابی شکایت دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایک ساتھی اداکار کے ساتھ تنازع کے بعد نغمہ نگار نے اسے اور بہن رنگولی چنڈیل کو بدنام عزائم اور مذموم مقاصد کے ساتھ اپنے گھر بلایا تھا اور پھر ڈرایا اور دھمکیاں دی تھیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں