اسلام آباد: سرکاری اداروں میں رمضان المبارک کے دفتری اوقات کار جاری کردیے گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پانچ دن ورکنگ والے دفاتر کے پیر تا جمعرات اوقات کار صبح 9 تا 3 بجے ہوں گے، ان دفاتر کے جمعہ کے اوقات کار صبح 9 بجے تا دوپہر 12:30 بجے ہوں گے۔
چھ دن ورکنگ دن والے دفاتر کے پیر تا ہفتہ اوقات کار صبح 9 تا دوپہر 2 بجے ہوں گے۔
ان دفاتر کے جمعہ کے اوقات کار صبح 9 سے دوپہر 12:30 بجے تک ہوں گے۔
واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا ابوالخبیر آزاد نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا لہذا پہلا روزہ 2 مارچ بروز اتوار کو ہو گا۔
جمعہ کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں منعقد ہوا جب کہ کراچی، لاہور اور کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر شہروں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے جس میں چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے اراکین کمیٹی کے ہمراہ رمضان المبارک کے چاند کی شرعی رویت کے حوالے سے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے کسی بھی مقام سے چاند نظر آنے کی کوئی بھی شہادت موصول نہیں ہوئی لہذا متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں پہلا روزہ 2 مارچ اتوار کو ہو گا۔