ہفتہ, مارچ 1, 2025
اشتہار

یوکرینی صدر زیلنسکی امن کے لیے تیار نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

اشتہار

حیرت انگیز

امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے یوکرینی ہم منصب ولادیمیر زیلنسکی سے کشیدہ ملاقات کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ زیلنسکی امن کے لیے تیار نہیں ہیں۔

صدر ٹرمپ کا "ٹرتھ سوشل” میں اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ زیلنسکی امن کے لیے تیار نہیں ہیں، زیلنسکی سمجھتے ہیں کہ امریکا کو امن مذاکرات سے بڑا فائدہ ہوگا۔

اپنے بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ میں فائدہ نہیں امن چاہتا ہوں، زیلنسکی نے اوول آفس میں امریکا کی بےعزتی کی، انہوں نے مزید کہا کہ جب زیلنسکی امن کیلئے تیار ہوں تو واپس آسکتے ہیں۔

واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ملاقات میں صدر زیلنسکی نے منفی انداز میں گفتگو کی۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا روس یوکرین جنگ کا خاتمہ اور وہاں دیرپا امن کا قیام چاہتا ہے، انہوں نے کہا کہ صدر زیلنسکی مختلف حربے استعمال کرتے رہے ہیں، اب زیلنسکی کے تمام حربے ختم ہوچکے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اس جنگ کو فوری ختم کرنا چاہتا ہوں لیکن زیلنسکی ایسا نہیں چاہتے، صدر زیلنسکی اب تک اس جنگ میں اپنے ہزاروں فوجیوں کی زندگیاں گنواچکے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کے درمیان ملاقات کافی حد تک کشیدہ رہی، تلخ کلامی کے بعد دونوں رہنماؤں کی مشترکہ پریس کانفرنس منسوخ کردی گئی۔

وائٹ ہاؤس میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی جو کچھ دیر ساتھ رہے، اس دوران دونوں رہنماؤں میں شدید اختلاف رائے پایا گیا۔

اس موقع پر دونوں شخصیات نے میڈیا نمائندوں کے سامنے بات چیت کی تاہم یوکرینی صدر کی امریکی صدر اور نائب صدر سے تکرار ہوتی رہی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں