رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ رمضان آتے ہی سحری میں شوق سے کھائے جانے والی کھجلہ پھینی کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی کراچی میں کھجلہ پھینی کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔
لچھے دار لذیذ پھینی کی تیاری عام طور پر کارخانوں میں ہوتی ہے، جہاں ایک ہی وقت میں کئی افراد اس کی تیاری میں مصروف عمل دکھائی دیتے ہیں۔ پھینی میدے سے تیار کی جاتی ہے، پہلے میدے کو آٹے کی طرح خوب گوندھا جاتا ہے، پھر گھی کا استعمال کر کے اس کے پیڑھے بنائے جاتے ہیں اور پھر اسے ہاتھوں سے بیل کر گھی میں تلا جاتا ہے۔
پھینی کے ساتھ کھجلہ بھی رمضان کی خاص سوغات ہے اور یہ بھی میدے سے ہی تیار کیا جاتا ہے، شہری کہتے ہیں بڑے ہوں یا بچے کھجلہ پھینی کے سب ہی شوقین ہیں۔
ماہ رمضان میں جہاں بہت سے کاروباروں میں رونقیں لگ جاتی ہیں، وہی کھجلہ پھینی بھی رمضان المبارک میں کئی افراد کے لیے روزگار کا سبب بنتی ہے۔