کراچی : مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے سے متعلق تحقیقات شروع کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق مصطفیٰ عامر قتل کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ارمغان کے منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے سے متعلق تحقیقات شروع کردی۔
اینٹی منی لانڈرنگ سرکل اورسائبر کرائم سرکل مشترکہ تفتیش کررہے ہیں، حکام نے بتایا کہ ارمغان کے تمام اکاؤنٹس اور پراپرٹیز کو 90 روز کیلئے منجمد کر رہے ہیں۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ ارمغان نے اکاؤنٹس سےجن افراد کیساتھ ڈیلنگ کی انہیں بھی شامل تفتیش کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں : مصطفیٰ عامر کیس میں ارمغان اور دیگر کیخلاف گھیرا تنگ
منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کے حوالے سے شواہد دینے کیلئے سی آئی اے کو خط لکھ دیا ہے، ملزم کے سائبرکرائم میں ملوث ہونے کے حوالے سے شواہد کا فرانزک کروائیں گے۔
یاد رہے گذشتہ روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے مصطفی عامر قتل کیس میں ایف آئی اے سائبر کرائم کو تحقیقات کرنے کا حکم دیا تھا۔
بعد ازاں ماہر ایف آئی اے افسران پر مشتمل 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی تھی، ڈپٹی ڈائریکٹر فرانزک اسلم منظور کمیٹی کی سربراہی کریں گے جبکہ
اسسٹنٹ ڈائریکٹر فرانزک عامرزیب ٹیم میں بطور ممبر شامل ہوں گے جب کہ سب انسپکٹر شعیب شہاب بھی بطور ممبر تحقیقاتی ٹیم میں شامل ہیں۔