کراچی : مصطفیٰ عامر قتل کیس میں ارمغان اور ساحرحسن سے منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث بڑے ناموں کی تفصیلات معلوم کرنے کے لیے بڑا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مصطفیٰ عامر قتل کیس میں تحقیقاتی ٹیم نے ڈی جی اینٹی نار کوٹکس کو بھی تحقیقات میں مدد فراہم کرنے کیلئے خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اینٹی نارکوٹکس ارمغان اور ساحر حسن سے منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث بڑےناموں کی تفصیلات معلوم کرے گی۔
تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ارمغان اور ساحر کی تفتیش میں آنیوالے بڑے ناموں کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی اور ارمغان کے گھر سے ملنے والے اسلحے سے متعلق سی ٹی ڈی بھی فرانزک کروائے گی۔
ذرائع نے کہا کہ ارمغان کے گھر سے اسلحے کو کہاں استعمال ہونا تھا، اس حوالے سے دہشت گردی کے پہلو سے بھی تحقیقات ہوگی۔
مزید پڑھیں : مصطفیٰ عامر قتل کیس : معروف اداکار کے بیٹے نے بڑے بزنس مین اور سیاستدانوں کے نام بتادیئے
یاد رہے ملزم ساحر نے دوران تفتیش بڑے بزنس مین، سیاستدانوں اور دیگر کے نام بتائے تھے ، ملزم کا کہنا تھا کہ منشیات کی آن لائن رقم والد ساجد کے منیجر کے اکاؤنٹ میں منگواتا تھا، پانچ سال سے ماڈلنگ اور تیرہ سال سے ویڈ کا نشہ کر رہا ہوں۔
ملزم نے بتایا تھا کہ وہ دو سال سے ویڈ فروخت کر رہا تھا، بازل اور یحیی سے منشیات لے کر فروخت کرتا تھا کوریئر کمپنیوں کے ذریعے کروڑوں کی منشیات منگوائی، ہر ہفتے چار سے پانچ لاکھ روپے ادا کرتا تھا۔