وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں مہنگائی کی روک تھام کے لیے موثر اور جامع کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبے کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا۔ اس اجلاس میں وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں مہنگائی کے سدبات کے لیے موثر اور جامع کریک ڈاؤن کا حکم دیا اور چیف سیکریٹری کو گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف مہم کی نگرانی کرنے کی ذمہ داری تفویض کی۔
مریم نواز نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو گراں فروشی کے خلاف مہم چلانے اور اشیائے خور ونوش کی طلب و رسد کی کڑی مانیٹرنگ اور ذخیرہ اندوزی روکنے کیلیے کارروائی کی ہدایت کی۔
انہوں نے سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں طور پر آویزاں کرنے اور اشیائے خور ونوش کے نرخ سے متعلق روزانہ جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اشیائے خور ونوش کے نرخ اور معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
مریم نواز نے رمضان میں پھلوں اور سبزیوں کی فراہمی اور نرخون کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے اور یہ اشیا مہنگی بیچنے والوں کیخلاف موثر قانونی کارروائی کی جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے افسران کو کہا کہ وہ روٹی اور آٹے کے نرخ پر کڑی نظر رکھیں جب کہ فوڈ اتھارٹی کھانے پینے کی اشیا کا معیار یقینی بنانے کے لیے کریک ڈاؤن کرے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیش بورڈ پر روزانہ اشیائے خور ونوش کے نرخ میں خود چیک کر رہی ہوں۔ سہولت بازاروں میں مارکیٹ سے کم نرخ پر معیاری اشیا کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
رمضان المبارک 2025: سحر وافطار کے اوقات جاننے کے لیے کلک کریں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ رمضان رحمتوں اور برکتوں کامہینہ ہے۔ تاجر غریب عوام کا احساس کریں۔ پوری دنیا میں رمضان میں اشیائے ضروریہ کے نرخ کم کیے جاتے ہیں، ہمیں بھی رضا کارانہ طور پر یہ قدم اٹھانا چاہیے۔