رمضان المبارک کے موقع پر سحر و افطار کیلیے پکوانوں کا خصوصی انتظام کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے اس ماہ مقدس کی رونقیں دوبالا ہوجاتی ہیں، ان ہی میں ایک ڈش ’پٹاخہ چکن ٹمپورا‘ بھی ہے۔
کچھ پکوان ایسے ہوتے ہیں جن کے بنا افطار ادھوری سی لگتی ہے یہ پکوان جہاں افطار کی شان بڑھاتے ہیں وہیں ان پکوانوں کا سوچ کر منہ میں پانی بھی آجاتا ہے۔
اسی سلسلے میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام شان رمضان کے ایک سیگمنٹ میں معروف شیف عائشہ نے افطاری کے دسترخوان کیلیے ’پٹاخہ چکن ٹمپورا‘ نامی ڈش بنانے کی ترکیب بیان کی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ڈش بظاہر دیکھنے میں پکوڑے جیسی ہے لیکن اس کی خوشبو اور ذائقہ اس سے بہت مختلف ہے۔
شیف عائشہ نے بتایا کہ پاکستان کے معروف سیاحتی مقام نتھیا گلی میں پٹاخہ چکن نامی ایک ڈش خصوصی طور پر تیار کی جاتی ہے اسے ملک کے دیگر علاقوں سے آنے والے سیاح بھی شوق سے کھاتے ہیں۔
اس ’پٹاخہ چکن ٹمپورا‘ بنانے کی ترکیب بیان کرتے ہوئے انہوں نے اس کے اجزاء بتائے جن میں مرغی کے گوشت کی لمبی لمبی بوٹیاں، کٹی ہوئی لال مرچ ایک چمچ، ایک عدد کٹا ہوا لہسن، دو چمچ لیموں کا رس، حسب ذائقہ نمک، ایک چمچ دھنیا پاؤڈر۔ ان تمام چیزوں کو اچھی مکس کردیں۔
اس کے بعد ایک علیحدہ برتن میں دو چمچ میدہ، دو چمچ چاول کا آٹا اور دو چمچ بیکنگ پاؤڈر، کٹی ہوئی لال مرچ اور نمک حسب ذائقہ۔ پھر اس میں تھوڑا سا ٹھنڈا پانی ڈال کر پیسٹ بنالیں۔
اس کے بعد فرائنگ پین میں موجود گرم آئل میں چکن کے پیس اس پیسٹ سے کوٹنگ کرکے فرائی کرلیں۔ آپ کا گرما گرم’پٹاخہ چکن ٹمپورا‘ تیار ہے۔