انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنلز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا۔
دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کل پہلے سیمی فائنل میں بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ٹکرائیں گی، میچ میں نیوزی لینڈ کے کرس گیفنی اور انگلینڈ کے رچرڈ النگورتھ امپائر ہوں گے۔
پہلے سیمی فائنل میں میچ ریفری کے فرائض اینڈی پائیکرافٹ انجام دیں گے۔
دوسرا سیمی 5 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے مابین کھیلا جائے گا۔
آن فیلڈ امپائر سری لنکا کے کمار دھرما سینا اور آسٹریلیا کے پال ریفل ہوں گے جبکہ میچ ریفری رنجن مدوگالے ہوں گے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل 9 مارچ کو کھیلا جانا ہے۔ اگر بھارت فائنل میں پہنچا تو یہ میچ دبئی بصورت دیگر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کا میزبان ملک ہونے کے ساتھ دفاعی چیمپئن بھی تھا تاہم گرین شرٹس کی سیمی فائنل میں رسائی اور اعزاز کے دفاع کی مہم ابتدائی دونوں میچز میں نیوزی لینڈ اور بھارت سے شکستوں کے بعد ناکام ہوگئی جب کہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ بارش کے باعث نہ ہوسکا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ میں پاکستان پہلی میزبان ٹیم بن گئی جو میگا ایونٹ میں ایک میچ بھی نہ جیت سکی۔ اس کے علاوہ انگلینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں بھی کوئی میچ جیتے بغیر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔ گروپ بی کی ٹیم افغانستان کی سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں بارش بہا کر لے گئی۔